مینگلور،8؍ ستمبر (ایس او نیوز) سال 2013 میں فکشن کنڑا ضلع پنچایت الیکشن کے دوران سابق ضلع پنچایت رکن اور کانگریسی امیدوار سرسوتی کامت پر حملہ کرنے کا الزام ثابت ہونے پر جے ایم ایف سی کورٹ نے سولیا بی جے پی منڈل صدر ہریش کنجی پیلی اور اس کے دیگر 14 حامیوں کو قید اور جرمانہ کی سزا سنائی ہے ۔
سرسوتی کامت نے پولیس کے پاس درج کردہ شکایت میں ہریش کنجی پیلی اور اس کے حامیوں پر الزام لگایا تھا کہ جب وہ شادی میں شرکت کے لئے جا رہی تھی تو ملزمین نے اس کی موٹر گاڑی روک کر گندی گندی گالیاں دیں، اس کی بے عزتی کی اور پیٹ پر لات ماری اور عزت لوٹنے کی کوشش کرنے کے علاوہ اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی ۔
سولیا پولیس اسٹیشن میں اُس وقت تعینات پی ایس آئی روی بی نے تحقیقات کے بعد 15 ملزمین کے خلاف عدالت میں چارج شیٹ داخل کی تھی ۔
سینئر کورٹ کے جج سوم شیکھر نے معاملہ کی سماعت کے بعد تمام ملزمین کو قصوروار قرار دیتے ہوئے قید اور جرمانہ کی سزا سنائی ۔ ملزمین کے لئے قید کی مدت الگ الگ رکھی گئی ہے جو ایک سال اور دو سال کے درمیان ہے ۔ جبکہ جرمانہ تمام ملزمین پر جملہ 50 ہزار روپے لگایا گیا ہے جو متاثرہ خاتون کو ادا کیا جائے گا ۔
نچلی عدالت سے سزا سنائے جانے کے بعد بی جےپی منڈل صدر ہریش کنجی پیلی نے کہا ہے کہ اس فیصلہ کے خلاف اپیل کی جائے گی ۔